پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے اور وہ کبھی پاکستان سے علیحدہ نہیں ہوسکتا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چودھری نے ہلال ٹاکس میں اساتذہ سے خصوصی گفتگو کی، ہلال ٹاکس پروگرام میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 1950 اساتذہ کرام شریک ہوئے ۔
پروگرام میں نامور تعلیمی شخصیات اور صحافیوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے گفتگو کی ، گفتگو کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بلوچستان کبھی پاکستان سے علیحدہ نہیں ہو سکتا، یہ ہماری معیشت اور ثقافت میں رچا بسا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں دہشتگردی کا سرپرست ہے اور پورے خطے میں عدم استحکام کی جڑ ہے، فتنہ الہندوستان کے ایجنٹ بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں، یہ دہشتگرد بھارت سے پیسے لیتے ہیں، تربیت لیتے ہیں، بھارت کی سہولت کاری سے پاکستان میں دہشتگردی پھیلاتے ہیں، دہشتگردوں کا مقابلہ تعلیم، روزگار اور ترقی سے ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی لاشوں پر سیاست کرنے والے، دہشتگردی کے سہولت کار ہیں، کشمیر پاکستان کا ہے، رہے گا، اس میں کوئی شک نہیں، افواجِ پاکستان، عوام کی فوج ہے، ان کے درمیان کوئی فاصلہ نہیں، یہ فوج پولیو سے لے کر دہشتگردوں تک، ہر محاذ پر عوام کے ساتھ کھڑی ہے، بھارت کی اسٹریٹیجک غلط فہمیاں خاک میں مل چکی ہیں۔
واضح رہے کہ پروگرام کا مقصد سوشل میڈیا پر ملک دشمن عناصر کے حربوں اور مذموم مقاصد سے آگاہی فراہم کرنا تھا، پروگرام میں شریک اساتذہ نے Hilal Talks جیسے علمی و فکری پروگرامز کا انعقاد جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔