ملک کے مختلف حصوں میں موسمی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے تازہ الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بعض علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ کچھ مقامات پر درجہ حرارت معمول سے زیادہ بڑھ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق 6 مارچ سے 11 مارچ کے دوران خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں موسم میں واضح تبدیلی متوقع ہے ، اس دوران چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے جبکہ بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی یا درمیانی شدت کی بارش کا بھی امکان ہے ۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ، ان علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں رہنے والے افراد کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بھی موسم میں تبدیلی متوقع ہے، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، مری اور گلیات میں بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ، مری اور گلیات کا رخ کرنے والے سیاحوں کو بھی موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ بڑھ سکتا ہے، ان علاقوں میں درجہ حرارت 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔ اسی طرح سندھ اور بلوچستان کے متعدد شہروں میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے اور درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔