کینیڈا کی میزبانی میں G-7اجلاس 15 سے 17 جون 2025 کے دوران منعقد ہو گا ، جس میں دنیا کی بڑی معیشتوں کے سربراہان شریک ہوں گے۔
اوٹاوا : تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو رواں ماہ کینیڈا میں ہونے والے G-7سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے اب تک باضابطہ دعوت نامہ موصول نہیں ہوا، جس کے باعث وہ ممکنہ طور پر چھ سال میں پہلی بار اس اہم عالمی اجلاس سے غیر حاضر رہیں گے۔
کینیڈا کی میزبانی میں جی سیون اجلاس 15 سے 17 جون 2025 کے دوران منعقد ہوگا، جس میں دنیا کی بڑی معیشتوں کے سربراہان شریک ہوں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مودی حکومت کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر دعوت دی بھی گئی تو مودی کا شرکت کرنا مشکوک ہے، خاص طور پر اس وقت جب بھارت کو یقین نہیں کہ کینیڈا کی نئی حکومت خالصتان تحریک کے حوالے سے بھارت کے تحفظات کو سنجیدگی سے لے گی یا نہیں۔
دوسری جانب کینیڈین حکومت یا جی 7 کانفرنس کے ترجمان نے اب تک اس بات کی تصدیق یا تردید نہیں کی کہ آیا نریندر مودی کو دعوت دی جائے گی یا نہیں دی جائے گی۔ یہ صورت حال دونوں ممالک کے درمیان جاری سفارتی کشیدگی اور خالصتان تحریک پر اختلافات کے تناظر میں مزید تناؤ کا باعث بن سکتی ہے۔