اسلام آباد ۔سینئر صحافی جبار چوہدری نے بھارتی گودی میڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف چلائی جانے والی فیک نیوز کا تفصیلی پوسٹ مارٹم کرتے ہوئے ان کے جھوٹے دعووں کو بے نقاب کر دیا ہے۔
آزاد خبر کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گودی میڈیا کی جانب سے ایک فرضی ڈوزئیر کے حوالے سے خبریں چلائی جا رہی ہیں، جس میں پاکستان پر الزامات لگائے گئے ہیں، مگر اسی خبر میں موجود نقشے اور تفصیلات خود ان کے جھوٹ کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر اور نقشوں میں جھنگ کو سندھ اور پشاور کو پنجاب میں دکھایا گیا ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ نقشے کسی مصنوعی ذہانت کے ذریعے بنائے گئے ہیں اور انہیں پاکستان کے بنیادی جغرافیہ کا بھی علم نہیں ہے۔
جبار چوہدری نے مزید کہا کہ خبر میں نہ تو یہ واضح کیا گیا کہ یہ ڈوزئیر کس ملک کو بھیجا گیا اور نہ ہی اس کی کوئی مستند تفصیل فراہم کی گئی۔ ساتھ ہی جن سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے حوالے دیے گئے ہیں، وہ بھی فرضی اور جعلی ناموں سے بنائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “آپریشن بنیان المرصوص” کے دوران پاکستان نے کوئی بھی حقیقت نہیں چھپائی، یہی وجہ ہے کہ عالمی برادری نے پاکستان کے مؤقف کو سراہا جبکہ بھارتی میڈیا کی فیک نیوز دنیا بھر میں بے نقاب ہو گئی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے بھارتی طیارے مار گرائے ہیں، تب پورے بھارتی میڈیا، بالخصوص ارنب گوسوامی کو سانپ سونگھ گیا تھا۔