ویب ڈیسک۔ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے قوم سے اپنے خطاب میں اعلان کیا ہے کہ ملک میں عام انتخابات اپریل 2026ء کے پہلے دو ہفتوں کے دوران کسی بھی روز منعقد ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مکمل انتخابی شیڈول کا اعلان الیکشن کمیشن جلد کرے گا۔
محمد یونس کا کہنا تھا کہ عبوری حکومت نے ملک کی باگ ڈور اصلاحات، انصاف اور انتخابات کے مینڈیٹ پر سنبھالی تھی، اور آئندہ عید الفطر تک ان شعبوں میں نمایاں پیش رفت مکمل ہو چکی ہوگی۔
واضح رہے کہ اگست 2024ء میں عوامی بغاوت کے بعد وزیر اعظم حسینہ واجد ملک چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں، جس کے بعد نوبیل انعام یافتہ ماہر معاشیات محمد یونس کو عبوری سربراہ کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔
بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات نہ صرف جمہوریت کی بحالی کی جانب ایک تاریخی قدم ہوں گے بلکہ جولائی کی عوامی بغاوت میں جان کا نذرانہ دینے والے شہداء کی روحوں کو بھی سکون پہنچائیں گے۔
حمد یونس نے کہا کہ ہم ایک ایسا انتخاب چاہتے ہیں جس میں ریکارڈ تعداد میں ووٹرز، امیدوار اور سیاسی جماعتیں حصہ لیں، تاکہ یہ انتخابات بنگلہ دیش کی تاریخ کے سب سے آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے طور پر یاد رکھے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ 15 برس بعد ملک کو ایک حقیقی عوامی نمائندہ پارلیمان میسر آئے گی اور لاکھوں نوجوانوں کو پہلی بار ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہوگا، جو بنگلہ دیش کے جمہوری سفر میں ایک نیا باب ثابت ہوگا۔
اس موقع پر عبوری حکومت کے سربراہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں اور سیاسی جماعتوں سے واضح، تحریری وعدے حاصل کریں۔
انہوں نے زور دیا کہ عوام پہلا وعدہ یہ لیں کہ نو منتخب نمائندے پارلیمان کے پہلے اجلاس میں ہی اصلاحاتی ایجنڈے کو بغیر کسی رد و بدل کے منظور کریں گے، اور دوسرا وعدہ یہ لیں کہ وہ ملک کی خودمختاری، سالمیت، جمہوری حقوق اور قومی وقار پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔