فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فارورڈپوزیشنز کا دورہ کیا، عید فوجی جوانوں کے ساتھ منائی اورکشمیری عوام کی جرات اور بہادری کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کا آغاز نمازعید سے ہوا، جس میں پاکستان کے دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ مادر وطن کے دفاع کے لیے عظیم قربانیاں دینے والے شہدا کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کو عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے غیر متزلزل عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور مسلسل چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے ثابت قدم خدمات کو سراہا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ عید اپنے خاندانوں سے دور فرنٹ لائن پر منانے سے سال بھر ہر قیمت پر مادر وطن کا دفاع کرنے کا بہترین قومی مقصد حاصل ہوتا ہے۔
آرمی چیف نے معرکہ حق ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کے دوران فورسز کی مثالی کارکردگی کو سراہا اور شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جن کی قربانیاں ملک کی سلامتی اور عزم کو مستحکم کرتی ہیں۔
مزید پڑھیں:فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اورآذربائیجان کے وزیردفاع کے درمیان اہم ملاقات
اعلامیے کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نوجوانوں سے کہا کہ آپ نے اپنے جرات مندانہ اور مؤثر ردعمل کے ذریعے بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت بے گناہ پاکستانی شہریوں کی جانوں کے ضیاع کا منہ توڑ بدلہ لیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے بھارتی سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا مؤثر جواب دینے کے لیے ان کے بلند حوصلے، غیر معمولی آپریشنل تیاریوں اور پرعزم طور پر چوکس رہنے پرفوجی جوانوں کی تعریف کی۔
انہوں نے کسی بھی جارحیت کو فیصلہ کن طور پر روکنے اور شکست دینے کے لیے مسلح افواج کی جنگی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اعادہ کیا۔
پاکستان کے اصولی موقف پر روشنی ڈالتے ہوئے فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری عوام کی منصفانہ اور جرات مندانہ جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جموں کشمیر کے عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازع جموں کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔
ایل او سی پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔