وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر پنجاب بھر میں مثالی صفائی آپریشن پر ضلعی انتظامیہ اور “ستھرا پنجاب” کے ورکرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کیا۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور صفائی ورکرز نے عید کے دنوں میں دیانتداری اور محنت سے اپنے فرائض انجام دیے۔ گلیوں، محلوں اور سڑکوں سے آلائشیں مؤثر انداز میں اٹھائی گئیں، جبکہ سڑکوں کو فنائل اور عرقِ گلاب سے دھو کر ماحول کو خوشگوار بنایا گیا۔
مریم نواز نے اس عمل کو “تاریخی صفائی آپریشن” قرار دیا اور ورکرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: “بہت شاباش!”۔ انہوں نے یہ عزم بھی ظاہر کیا کہ پنجاب کو صاف ستھرا رکھنے کی یہ مہم مسلسل جاری رہے گی۔