حکومت نے بجٹ میں پیٹرولیم مصنوعات پر فی لیٹر کاربن لیوی اس سال ڈھائی روپے اور اگلے سال 5 روپے لگانے کی تجویز دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بجٹ تقریر میں وزیر خزانہ نے کہاکہ ٹو اینڈ تھری وہیلرز کے لیے نئی انرجی وہیکل پالیسی بنائی ہے تاکہ لوگ الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دیں ۔ اور اس حوالے سے حکومت نے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ فرنس آئل پر پیٹرولیم لیوی وفاقی حکومت کی اعلان کردہ شرح کے مطابق عائد کی جائے گی۔
اس کےعلاوہ پیٹرول اور ڈیزل پر چلنے والی گاڑیوں اور ہائبرڈ گاڑیوں پر سیلز ٹیکس میں یکسانیت لانے کی تجویز دی گئی جبکہ 18 فیصد ٹیکس سے کم شرح والی گاڑیوں پر بھی 18 فیصد عمومی سیلز ٹیکس عائد کیا جائے گا ۔
واضح رہے کہ اس وقت 1800 سی سی تک کی ہائبرڈ گاڑیوں پر 18 فیصد کے بجائے ساڑھے 8 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے ۔