ملک بھر میں آج بھی گرمی کی شدت برقرار ہے ، سورج پھر سے قہر ڈھانے لگا ۔
ملک کے مختلف شہروں میں شہری گرمی سے پریشان نظر آتے ہیں ، پشاور ، نوابشاہ، بہاولپور اور اسلام آباد میں درجہ حرارت 46 ڈگری تک پہنچا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 11 اور 12 جون کے دوران بالائی علاقوں میں درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری اور جنوبی علاقوں میں 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
بنوں، سرگودھا، نور پور تھل اور سبی میں 49 ڈگری رہا، ڈی جی خان، گوجرانوالہ، حافظ آباد جیکب آباد ، منڈی بہاؤالدین میں 48 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور دادو میں 47 ڈگری رہا۔
ادھر لاہور میں صبح سویرے ہی سورج سوا نیزے پر آگیا، محکمہ موسمیات نے شہر میں بارش کے امکان کو مسترد کر دیا ہے ، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سنٹی گریڈ ر ہنے کا امکا ن ہے۔
شہرِ قائد کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی کی ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے، شہر میں سمندری ہوائیں 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔