پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارتی وزارت دفاع نے 30 ہزار کروڑ روپے مالیت کے دفاعی نظام کی خریداری کی تجویز منظوری کے لیے پیش کردی ہے۔ بھارتی فوج کے لیے کوئیک ری ایکشن سرفیس ٹو ائیر میزائیل سسٹم کی خریداری کی منظوری لی جائے گی۔
بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس دفاعی نظام کی مالیت تقریباً 30 ہزار کروڑ روپے ہے‘۔ یہ فیصلہ بھارتی فوج کی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے لیا گیا ہے۔
دفاعی نظام ’کیو آر ایس اے ایم‘ کی رینج 30 کلومیٹر تک ہے، یہ نظام موبائل ہے اور 360 ڈگری ریڈار کوریج فراہم کرتا ہے۔
اے این آئی نیوز کے مطابق یہ جدید نظام ڈی آر ڈی او، بی ای ایل اور بی ڈی ایل کی مشترکہ کاؤشوں کا نتیجہ ہے، دفاعی نظام ’کیو آر ایس اے ایم‘ ڈرونز، ایئرکرافٹ اور کروز میزائلز کے خلاف 24 گھنٹے آپریشنل رہ سکتا ہے۔
دفاعی نظام کے حصول کی منظوری ثابت کرتی ہے کہ بھارتی حکومت جنگی جنون میں مبتلا ہے، آپریشن سندور میں ناکامی کے بعد بھارت کی بڑے پیمانے پر اسلحے کی خریداری خطے کے امن کیلئے بڑاخطرہ ہے۔
حکومت پاکستان اس بات کو واضع کر چکی ہے کہ بھارت نے جارحیت کی تو پاکستان اپنے دفاع میں بھر پور جوابی وار کرے گا۔