خیبرپختونخوا حکومت نے یکم محرم الحرام کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے تاہم یہ تعطیل چاند نظر آنے سے مشروط ہوگی۔
محکمہ ایڈمنسٹریشن خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یکم محرم الحرام کے موقع پر تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ تعطیل کا اطلاق محرم الحرام کے چاند کی رویت سے مشروط ہوگا۔
دوسری جانب محرم الحرام کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس آج منعقد ہوگا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
اجلاس میں کمیٹی کے ارکان کے علاوہ محکمہ موسمیات، سپارکو اور وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے ماہرین بھی شرکت کریں گے۔
مرکزی اجلاس کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر بڑے شہروں اور وفاقی دارالحکومت میں زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی بیک وقت منعقد کیے جائیں گے۔
مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد تمام زونل کمیٹیوں سے موصول ہونے والی رپورٹس اور شرعی شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد محرم الحرام اور نئے اسلامی سال کے چاند کی رویت کا حتمی اور باضابطہ اعلان کریں گے۔