ملک کے تین بڑے شہروں میں مرغی کا گوشت سستا جبکہ انڈے مہنگے ہو گئے ۔
مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری ہے، لاہور میں زندہ برائلر مرغی 10 روپے کلو سستی ہوئی ہے ، سرکاری نرخنامے کے مطابق زندہ برائلر کا تھوک ریٹ 304 روپے کلو جبکہ پرچون ریٹ 318 روپے کلو مقرر کیا گیا ہے۔
لاہور میں برائلر مرغی کا گوشت 14 روپے کلو سستا ہوا ہے جس کے بعد قیمت 475 روپے سے 461 روپے پر آ گئی ہے جبکہ انڈوں کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے اور انڈے دو روپے مہنگے ہونے کے بعد 317 روپے فی درجن ہو گئے ہیں۔
گزشتہ روز کی بات کریں تو لاہور میں برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 314 روپے کلوجبکہ زندہ برائلر کا پرچون ریٹ 328 روپے تھا جبکہ انڈے 315 روپے درجن تھے۔
جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں بھی مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی جہاں زندہ برائلر مرغی 8 روپے جبکہ مرغی کا گوشت 11 روپے سستا ہوا ہے۔
دوسری جانب انڈے تین روپے فی درجن مہنگے ہو گئے ہیں، ملتان میں زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 286 روپے کلو جبکہ پرچون ریٹ 300 روپے مقرر کیا گیا ہے، مرغی کا گوشت 435 روپے کلو میں دستیاب ہے،انڈوں کی فی درجن قیمت 317 روپے مقرر کی گئی ہے۔
گزشتہ روزملتان میں زندہ برائلر کا تھوک ریٹ 294روپے جبکہ پرچون ریٹ 308 روپے تھا، اسی طرح گوشت کی قیمت 446 روپے کلو تھی اورانڈے 314 روپے فی درجن فروخت ہورہے تھے۔
خیبرپختوںخوا کی بات کریں تو سب سے بڑے شہر پشاور میں ایک ہفتے کے دوران برائلر مرغی کی قیمت 65 روپے کم ہوئی ہے، سرکاری نرخنامے کے مطابق زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 380 سے کم ہو کر 315 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
یاد رہے کہ عیدالاضحیٰ سے قبل بھی بڑے شہروں میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی ہو ئی تھی ۔