خیبرپختونخوا میں موسمی الرٹ جاری، آندھی، بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی سامنے آ گئی۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، پوٹھوہار اور بالائی پنجاب میں کل 13 جون سے 16 جون تک موسم کے ابر آلود رہنے، بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری موسمی ایڈوائزری میں عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور این ڈی ایم اے ایپ کے ذریعے اپ ڈیٹ رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔
اس دوران پنجاب کے دیگر علاقوں، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں اور آزاد کشمیر میں شدید گرمی پڑ سکتی ہے۔ پنجاب میں ہفتہ بھر گرم موسم برقرار رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا نیا سلسلہ جمعہ 13 جون سے شروع ہونے کا امکان ہے، جو پیر کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
یہ پیش گوئی پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ موسمی انتباہ میں کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ سمیت متعدد اضلاع میں گرج چمک، آندھی اور ژالہ باری کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اتھارٹی نے تمام ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات کی ہدایات دی ہیں۔ مراسلے میں مشینری کی دستیابی کو یقینی بنانے اور تمام متعلقہ اداروں کو متحرک رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔ کسان حضرات سے کہا گیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیاں ترتیب دیں۔
پی ڈی ایم اے نے حساس بالائی علاقوں میں مقامی آبادی اور سیاحوں کو بھی محتاط رہنے کی تلقین کی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقامی زبانوں میں وارننگز اور پیغامات کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام بروقت اقدامات کر سکیں۔