نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایران کی خودمختاری کی ڈھٹائی کی خلاف ورزی قرار دیا۔
پاکستانی وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اس گھناؤنے اقدام نے بین الاقوامی قانون کی بنیادوں کے ساتھ ساتھ انسانیت کے ضمیر کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملے نے علاقائی استحکام اور بین الاقوامی سلامتی کو بُری طرح متاثر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے ۔
پاکستان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسرائیل کی بلاجواز اور ناجائز جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اسرائیلی فوجی حملے اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔