بھارت نے پاکستان کے خلاف مخاصمانہ روّیہ جاری رکھتے ہوئے سفارتی سطح پر بھرپور کوشش کی کہ پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس میں پھر گرے لسٹ میں شامل کیا جائے، لیکن بھارت کو یہاں بھی ’منہ کی کھانا پڑی‘ ہے۔
ہفتہ کے رور ہونے والے ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی بجائے باقی ممالک کی طرح رپورٹنگ میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایف اے ٹی ایف کے فیصلے کے بعد بھارت اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران چین نے پاکستان کے حق میں واضح مؤقف اختیار کیا اور ریلیف کی حمایت کی، ترکیہ اور چاپان نے بھی پاکستان کی مکمل حمایت کی۔
آپریشن بنیان مرصوص کے بعد بھارت نے پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کیں، پاکستان کے خلاف مختلف سطح پر پروپیگنڈا کے لیے بھارتی خفیہ ایجنسی’را‘پیش پیش رہی لیکن اسے ہر جگہ ناکامی کا سامنا رہا ہے۔
بھارتی خفیہ ایجسنی ’را‘ نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے نئی دہلی میں ایک ڈس انفو لیب بھی قائم کی، اس ڈس انفو لیب کا مقصد پاکستان کے حوالے سے بین الاقوامی دنیا کو گمراہ کرنا ہے، اس ڈس انفو لیب کے ذریعے پاکستان کے خلاف جھوٹا اور من گھڑت پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت کے سفارتی وفود دنیا کے مختلف ممالک میں گئے اور ہر جگہ پاکستان کے خلاف زہر افشانی کی گئی، دنیا کے کسی بھی ملک نے بھارت کے سفارتی وفد کے بیانیے کو پذیرائی نہیں دی، بھارت اسرائیل کی مدد سے ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا تھا۔
تاہم ’ایف اے ٹی ایف ‘ کے رکن ممالک نے بھارت کے منفی پروپیگنڈے کو نظر انداز کیا، بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہ کرنا ایک بڑی کامیابی ہے، آپریشن بنیان مرصوص کے بعد سے پاکستان کی سفارتی پوزیشن مسلسل مضبوط ہو رہی ہے۔
ہندوتوا اور صہیونی لابی کی مشترکہ کوششیں بھی پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کروانے میں ناکام رہیں، یہ پاکستان کی سفارتی محاذ پر ایک اور کامیابی ہے۔