ایرانی فضائیہ نے دیزفل شہر میں ایک اسرائیلی ڈرون کو کامیابی سے مار گرایا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ ڈرون ایرانی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیزفل کے علاقے میں داخل ہوا، جس پر فضائی دفاعی نظام نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اسے نشانہ بنایا۔ پریس ٹی وی نے اس ڈرون کی ایک تصویر بھی جاری کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ یہ اسرائیل کا جاسوس ڈرون تھا۔
اس سے قبل ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایک گھنٹے کے اندر اسرائیل کے 10 جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔ اسرائیل نے تہران، بندر عباس اور دیگر ایرانی شہروں کو نشانہ بناتے ہوئے کروز میزائل حملے کیے ہیں، جس کے جواب میں ایران نے اپنا دفاعی نظام متحرک کر دیا۔
اسرائیلی فوج نے مغربی ایران میں خرم آباد کے علاقے میں واقع ایک زیرِ زمین میزائل فیکٹری پر کامیاب حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ فیکٹری زمین سے زمین اور کروز میزائل تیار کرنے میں استعمال ہو رہی تھی۔اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے دھمکی دی ہے کہ جلد اسرائیلی طیارے تہران کی فضاؤں میں ہوں گے، اور آیت اللہ حکومت کو ہر جگہ نشانہ بنایا جائے گا۔
ایک اسرائیلی وزیر نے تہران کو راکھ میں بدلنے کی کھلی دھمکی بھی دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو نے ان حملوں سے قبل دیوارِ گریہ پر دعا کی تھی۔ کشیدگی کے باعث انہوں نے اپنے بیٹے ایوینرن اور امیت یار دینی کی 16 جون کو تل ابیب میں ہونے والی شادی کی تقریب ملتوی کر دی ہے۔
ایران نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں آپریشن وعدۂ صادق سوم کے تحت بڑے پیمانے پر جوابی کارروائی کی ہے اور بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق ان حملوں میں 3 جوہری سائنس دان، پاسدارانِ انقلاب کے 3 اہلکار، اور دو ڈپٹی کمانڈر میجر مہدی ربانی اور میجر غلام رضا محرابی شہید ہوئے ہیں۔
اسرائیل کی جوابی کارروائی میں تہران، تبریز، ہمدان، کرمان شاہ، اور لورستان کے کئی علاقے نشانہ بنے، جہاں ایک 14 منزلہ رہائشی عمارت پر حملے میں 60 شہری شہید ہو گئے جن میں 20 بچے بھی شامل ہیں۔
اسرائیل نے 9 ایرانی جوہری سائنس دانوں کو ہلاک کرنے اور اصفہان و نطنز کے جوہری مراکز کو نقصان پہنچانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔صورت حال مزید بگڑنے کے خدشے کے پیشِ نظر عالمی سطح پر تشویش کی فضا ہے، جبکہ خطے میں ایک وسیع جنگ کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔