اسرائیل نے یمن میں حوثی ملیشیا کے اہم رہنماؤں کو نشانہ بنانے کا بڑا دعویٰ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی افواج نے یمن میں ایک قاتلانہ حملے کے دوران حوثی ملٹری چیف محمد عبدالکریم الغماری کو ہدف بنایا۔
حملے میں دیگر سینئر حوثی کمانڈرز کو بھی نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں، تاہم اب تک کسی بھی فریق کی جانب سے سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔
واضح رہے کہ یمن میں موجود حوثی گروپ حالیہ عرصے میں اسرائیل کے خلاف میزائل اور ڈرون حملے کرتا رہا ہے، خاص طور پر غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف ردعمل کے طور پر۔ اسرائیلی حملے کو حوثیوں کی اسرائیل مخالف سرگرمیوں کا جواب قرار دیا جا رہا ہے۔