بھارت میں فضائی مسافروں کی مشکلات میں کمی نہ آسکی ، مسافر طیارے کے حادثے کے بعد ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست اترکھنڈ میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، ہیلی کاپٹر حادثے میں مرنیوالوں میں 6 افراد اور ایک بچہ بھی شامل ہے ۔
حکام نے بتایا ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر ہندو یاتریوں کو ایک مقدس مقام سے واپس لا رہا تھا جب وہ ہمالیہ کے پہاڑوں میں گر کر تباہ ہو گیا۔
بھارتی میڈیا اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق یہ طیارہ ریاست کے گوری کنڈ علاقے میں لاپتہ ہو گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر دیرادون سے کیدرناتھ جارہا تھا کہ موسم کی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا۔
اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے ایک ایکس پوسٹ میں کہا کہ ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)، مقامی انتظامیہ اور دیگرٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : احمد آباد میں ایئرانڈیا کا مسافر طیارہ گر کر تباہ، 241 مسافر ہلاک، ایک زندہ بچ گیا
یاد رہے کہ تین روز قبل بھارت کے شہر احمد آباد سے لندن جانے کےلیے اڑان بھرنے والا بھارتی ایئرلائن کا مسافر طیارہ اڑان بھرنے کے چند ہی منٹوں بعد گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں سوار 242 افراد میں سے 241 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک مسافر معجزانہ طور پر بچ گیا۔
اس کے علاوہ طیارہ جس عمارت پر گرا، وہ ایک میڈیکل کالج کا ہوسٹل تھا اور وہ بلڈنگ بھی بری طرح جل کر خاک ہو گئی، اس طرح جائے وقوعہ پر موجود مزید 24 افراد ہلاک اور بہت سے دیگر زخمی ہو گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہونے والے شہری ہوائی بازی کے حادثوں میں سے ایک بدترین حادثہ ہے۔
قبل ازیں گزشتہ ماہ بھی بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا تھا جس سے 5 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت میں تکنیکی وجوہات پر فضائی حادثات معمول بن چکے ہیں یہاں تک کہ طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کو اڑتے تابوت کہا جانے لگا ہے۔