بھارتی سرپرستی میں فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ضلع پشاور میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بڑی مہارت کے ساتھ بھارتی سرپرستی میں فتنۃ الخوارج کے مقام کا محاصرہ کیا اور مؤثر انداز میں کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 بھارتی اسپانسرڈ خوارج بشمول خوارجی حارث اور خوارجی بصیر کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ضلع شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک اور آپریشن کیا گیا جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز نے ایک اور بھارتی پراکسی خوارجی کو ہلاک کردیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جو ان علاقوں میں متعدد دہشتگردی کی سرگرمیوں میں فعال طور پر ملوث رہا۔
اس علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے بھارتی اسپانسرڈ خوارجی کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کیے جا رہے ہیں، کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے عفریت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔