اسرائیل کی جرات نہیں پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے، اسحاق ڈار

اسرائیل کی جرات نہیں پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے، اسحاق ڈار

سینیٹ میں قائد ایوان، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سینیٹ کے فلور پر اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل میں یہ ہمت نہیں کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے، اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، جوہری ہتھیار پاکستان کے دفاع کے لیے ہیں، پاکستان کی طرف سے اسرائیل پر نیوکلیئر حملے کی دھمکی سے متعلق خبر بے بنیاد ہے۔

سینیٹ کا اجلاس چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں ہوا۔ ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ گمراہ کن معلومات پھیلائی جا رہی ہیں، کل ایک ویڈیو کلپ چل رہا تھا جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ذکر تھا، معلوم ہوا وہ ویڈیو جنریٹ کی گئی تھی، ٹرمپ کا خواجہ آصف سے متعلق بیان جعلی تھا۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ اومان اور ایران کے وزرائے خارجہ نے مسلسل انہیں اپ ڈیٹ رکھا، 15 جون کو مذاکرات طے تھے لیکن اس سے پہلے ہی واقعہ ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا اجلاس 24 گھنٹوں میں بلایا گیا، اس اجلاس سے متعلق پاکستان نے اہم کردار ادا کیا، ایران کے مستقل مندوب نے پاکستان سمیت چار ممالک کا شکریہ ادا کیا۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایران کا موقف ہے کہ اسرائیل کے حملے کا جواب ضرور دیا جائے گا، اور اگر جواب کے بعد اسرائیل نے دوبارہ حملہ نہ کیا تو ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ ہم نے بھی یہ بات کہی کہ اگر دوسری جانب کو روکا جائے تو ایران بات چیت پر آمادہ ہوگا، کیونکہ ہم نے بھی حملے کا جواب دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلی فونک گفتگو

سینیٹ اجلاس کے دوران خطاب میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ اگر نیتن یاہو کا انٹرویو 2011 کا بھی ہو، تو اسے نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ 13 جون کے بعد کئی جعلی خبریں گردش کر رہی ہیں، ایسی صورتحال میں سب کو احتیاط کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ غلط اور گمراہ کن اطلاعات پھیلائی جا رہی ہیں، ہمیں محتاط رہنا ہوگا کیونکہ یہ کسی کھیل کا معاملہ نہیں بلکہ ایک سنجیدہ جنگی صورتحال ہے۔ پاکستان کا جوہری پروگرام صرف ملکی دفاع کے لیے ہے، ایرانی وزیر خارجہ مذاکرات کے دوران مسلسل ان سے رابطے میں رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران حالت جنگ میں ہے، اس کی فضائی حدود بند ہو چکی ہیں، وزارت خارجہ میں کرائسز یونٹ فعال کر دیا گیا ہے۔ آج رات تک 251 طلبا کوئٹہ پہنچ جائیں گے جبکہ 500 سے زائد زائرین کی واپسی کا عمل جاری ہے۔ ایران کے 20 ہزار حاجی سعودی عرب میں موجود ہیں، ایران کی اپیل پر پاکستان نے مثبت ردعمل دیا ہے۔ ان حاجیوں کو آن ارائیول ویزہ دے کر پاکستان لایا جائے گا اور پھر انہیں سڑک کے ذریعے ایران واپس بھیجا جائے گا۔

اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ ایران اور اسرائیل جنگ سے متعلق وزارت خارجہ پر جعلی خبروں کے ذریعے الزامات لگائے جا رہے ہیں، وزارت خارجہ نے ایران سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا۔ ہمیں ان فیک نیوز کے بارے میں وضاحت کرنی ہوگی، ہم کسی بھی بات کو ہلکا نہیں لے رہے اور پاکستان خطے کی صورتحال کو سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سفارتی محاذ پر بھی کامیاب، بھارت میں ماتم ہو رہا ہے : اسحاق ڈار

اپنے خطاب کے آخر میں نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اسرائیل پر جوہری حملے کی دھمکی سے متعلق خبر بے بنیاد ہے، اس جعلی خبر کو ڈیلی میل نے بھی شائع کیا، اور اسے ایران کے ایک جنرل کا بیان قرار دے کر چلایا گیا۔ انہوں نے پھر دوہرایا کہ جوہری ہتھیار پاکستان کے دفاع کے لیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 6 مئی کی رات سے 10 مئی کی صبح تک بھارت کی چودھراہٹ ختم ہو گئی، تباہی کا منظر دیکھ کر بھارت کو ہوش آیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *