ایران اور اسرائیل کی جنگ کے دوران سوشل میڈیا پر فیک نیوز اور فیک ویڈیوز کا بازار گرم ہے اس میں بھارتی میڈیا حسبِ روایت اپنا بھرپور کردار ادا کرنے میں مصروف ہے۔
ایسی ہی ایک جھوٹی خبر اور اے آئی سے بنائی گئی ویڈیو گردش کر رہی ہے، جسے ایک ایرانی عہدیدار سے منسوب کیا جارہا ہے۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس ویڈیو میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پاکستان نے ایران کو یقین دہانی کروائی ہے کہ اگر اسرائیل نے ایران پر نیوکلیئر بم سے حملہ کیا تو جواب میں پاکستان اسرائیل پر نیوکلیئر بم گرائے گا۔
پاکستانی وزارت اطلاعات کے ذرائع نے واضح کیا کہ ایسی تمام گردش کرتی ہوئی خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں اور اس خبر کے ساتھ جو ویڈیوز شیئر کی جا رہی ہیں وہ ویڈیوز اے آئی کے ذریعے بنائی گئی ہیں۔
اس بارے میں پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام بین الاقوامی جوہری معاہدوں کا پابند ہے، ہماری جوہری صلاحیت ہمارے عوام کے فائدے اور دشمنوں کے عزائم سے اپنے ملک کے دفاع کیلئے ہے۔