ویب ڈیسک۔ تہران میں اسرائیل کے خلاف جنگ میں حمایت پر ایرانی پارلیمنٹ میں پاکستان سے اظہار تشکرکیا گیا اور اراکین پارلیمنٹ نے ’’پاکستان تشکر تشکر‘‘ کے نعرے لگائے۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی حمایت کی تعریف کی، جس پر ارکان پارلیمنٹ نے “پاکستان تشکرتشکر” کے نعرے لگائے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسرائیل کی جانب سے شہریوں پر بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کی اور قوم پر زور دیا کہ دشمن کے خلاف ہوشیار اور متحد رہے۔
اجلاس کے دوران ارکان پارلیمنٹ نے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے ایرانی فوجی کمانڈرز، اہلکاروں اور جوہری سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
یاد رہے کہ اسرائیلی حملوں کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا اور بلا اشتعال اسرائیلی جارحیت پر پاکستان کی جانب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی حملہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف ہے، جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے اور پاکستان، ایران کی حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی میں کھڑا ہے۔
پاکستان نے ایران پر اسرائیلی حملے کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی اٹھایا۔