راولپنڈی۔ سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 15 اور 16 جون کو خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے پہلا آپریشن پشاور میں بھارتی سپانسرڈ خارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر حکمت عملی سے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں چار بھارتی سپانسرڈ خارجی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں خارجی حارث اور خارجی بصیر بھی شامل ہیں۔
دوسرا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن شمالی وزیرستان میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز اور خارجی دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک اور خارجی دہشت گرد مارا گیا۔
آپریشنز کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں ہتھیار اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔