پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ شر اکت داری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، آرمی چیف اور امریکی صدر کے درمیان ملاقات پاکستان اور امریکا کے درمیان امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد پر مبنی دیرینہ شراکت داری کو مضبوط بنانے کی جاری کوششوں میں ایک اہم لمحہ ہے۔
جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے درمیان وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ظہرانے کے بعد کابینہ روم میں اعلیٰ سطح کی مصروفیات طے کی گئیں جس کے بعد اوول آفس کا دورہ کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق صدر ٹرمپ کے ہمراہ وزیر خارجہ سینیٹر مارکو روبیو اور مشرق وسطیٰ کے امور کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے سٹیو وٹکوف بھی تھے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر بھی موجود تھے۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف نے حالیہ علاقائی بحران میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں سہولت کاری میں صدر ٹرمپ کے تعمیری اور نتیجہ خیز کردار پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے زبردست تعریف کی۔ آرمی چیف نے صدر ٹرمپ کی حکمت عملی اور عالمی برادری کو درپیش کثیر الجہتی چیلنجز کو سمجھنے اور ان سے نمٹنے کی ان کی صلاحیت کو سراہا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشتگردی کے حوالے سے مضبوط تعاون کو سراہا۔ فریقین نے انسداد دہشتگردی کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق بات چیت میں تجارت، اقتصادی ترقی، کان کنی اور معدنیات، مصنوعی ذہانت، توانائی، کرپٹو کرنسی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے امکانات کا بھی احاطہ کیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے طویل مدتی ہم آہنگی اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ باہمی فائدہ مند تجارتی شراکت داری قائم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں رہنماؤں نے تنازع کے حل کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر ٹرمپ نے پیچیدہ علاقائی تبدیلیوں کے دور میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور فیصلہ سازی کی تعریف کی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حکومت پاکستان کی جانب سے صدر ٹرمپ کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔
اگرچہ ابتدائی طور پر یہ ملاقات ایک گھنٹے کے لیے مقرر کی گئی تھی لیکن یہ ملاقات 2 گھنٹے تک جاری رہی جس سے بات چیت کی گہرائی اور خوشگواری کا پتہ چلتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ ملاقات پاکستان اور امریکا کے درمیان امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد پر مبنی دیرینہ شراکت داری کو مضبوط بنانے کی جاری کوششوں میں ایک اہم لمحہ ہے۔