ایران نے آپریشن وعدہ صادق سوم کے تحت اسرائیل پر دوبارہ نئے میزائل حملے کیے ہیں جن سے فوج کے کمانڈ اور انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج کے یونٹ82 ہنڈرڈ کو شدید نقصان پہنچا ہے ، اسرائیلی فوج کیخلاف حملوں کی چودہویں لہر کی ویڈیو جاری کردی گئی۔
گزشتہ روز ایران نے اسرائیل پر سب سے بڑا حملہ کیا، ایرانی بیلسٹک میزائل نے جنوبی اسرائیل میں واقع سورو کا ہسپتال کو نشانہ بنایا،130 سے زائد افراد زخمی،متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
ہسپتال کی عمارت کھنڈر میں تبدیل ہوگئی، سجیل میزائلوں کی گرج سے صیہونی فوج پر ہیبت طاری ہوگئی، اسرائیلی خوف و ہراس کا شکار، زیر زمین شیلٹرز میں جا گھسے۔
ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل نے ساتھ ہی دنیا کو خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی تیسرا فریق جنگ میں شامل ہوا تو اسکے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔
کونسل نے کہا کہ اگر بیرونی کرداروں نے تنازعہ بڑھانے کی کوشش کی تو ایران کا فوجی اور اسٹریٹیجک ردعمل فوری، متناسب اور پہلے سے طے شدہ طریقہ کے مطابق ہوگا۔
کونسل نے کہا کہ ایران کا عزم ہے کہ وہ اسرائیل کے جارحانہ اقدامات میں مربوط انداز سے شامل مغربی قوتوں بلخصوص امریکا کے خلاف اپنی خودمختاری کا دفاع کرے گا۔
ایرانی فوج کاکہنا ہے اہداف پر حملے جاری رہیں گے، صیہونیوں پر جہنم کے دروازے کھول دیئے، ایرانی حملوں میں اب تک 27 اسرائیلی ہلاک، 600 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
پاسداران انقلاب نے ایرانی صوبے لورستان میں ایک اور اسرائیلی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
دریں اثنا ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ اللہ بہت رحیم ہے اور وہ ایران کو بڑی فتح سے نوازے گا کیونکہ ہم سچے اور حق پر کھڑے ہیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں خامنہ ای نے اپنی قوم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’میرے قوم کے لوگوں اگر آپ تھوڑا سا بھی مایوسی کا شکار ہوئے تو دشمن آپ کو مزید ڈرائے گا اور آپ کو نہیں چھوڑے گا۔
انہوں نے اپنی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اب تک آپ نے دشمن کے خلاف اپنے اتحاد سے جو رویہ اپنایا ہے اُسے بھرپور طاقت کے ساتھ جاری رکھیں۔
خامنہ ای نے قرآن کی آیت کا ترجمہ بھی شیئر کیا ’فتح صرف اللہ کی طرف سے ہے جو غالب اور حکمت والا ہے‘ ۔
اس حوالے سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بتایا کہ اسرائیلی فوجی کمان، کنٹرول، انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز اور ایک اہم ہدف کو نشانہ بنایا، دھماکے سے ملٹری ہسپتال کے ایک چھوٹے سے حصے کو معمولی نقصان پہنچا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ اسرائیلی شہری ہماری جانب سے دی گئی انخلا کی ہدایات پرعمل کریں، اسرائیلی شہری فوجی و انٹیلی جنس مقامات کے قریب جانے سے گریز کریں، ہماری فوج ایرانی عوام کو نشانہ بنانے والے مجرموں کو نشانہ بناتی رہے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل نے سینکڑوں بے گناہ ایرانیوں کو بے دردی سے قتل کیا ہے، ایرانی میڈیا نے بتایا کہ ایران پر اسرائیلی حملوں میں اب تک 639 افراد شہید ایک ہزار 220 زخمی ہوئے۔
ادھر یمن میں ایران کے اتحادی انصاراللہ (حوثی باغیوں) کے ایک اعلیٰ رہنما نے کہا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے، جب تک اسرائیلی جارحیت بند نہیں ہوتی اور محاصرہ ختم نہیں کیا جاتا۔