بھارتی تجزیہ نگار جواہر سکار نے مودی سرکار کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ پہلگام واقعے میں ناکامی کے بعد سے مودی سرکار عالمی سطع پر تنہائی کا شکار ہے اور جی سیون کانفرنس میں بھی مودی نے صرف ایک آبزرور کی حیثیت سے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق معروف بھارتی تجزیہ کار جواہر سکار نے ٹی وی پروگرام میں مودی سرکار کی پالیسیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے عملی طور پر پاکستان کے سامنے شکست تسلیم کر لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا پاکستان کے مؤقف کی حمایت کر رہی ہے، حتیٰ کہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں بھی پانچوں مستقل رکن ممالک امریکہ، چین، روس، برطانیہ اور فرانس پاکستان کے ساتھ کھڑے دکھائی دے رہے ہیں۔ فرانس، جس سے بھارت نے اربوں ڈالر کے رافیل طیارے خریدے، وہ بھی پاکستان کی حمایت کر رہا ہے۔
تجزیہ کار نے مزید کہا کہ بھارت کو نہ صرف اقوام متحدہ میں سفارتی طور پر شکست کا سامنا کرنا پڑا، بلکہ قطر، یورپی یونین، سعودی عرب اور دیگر عالمی طاقتیں بھی بھارت پر زور دے رہی ہیں کہ وہ جنگ سے گریز کرے۔ ان کے مطابق بھارت کی موجودہ حکمت عملی کمزور اور غیر واضح ہے، اور اس کا خمیازہ بھارتی عوام بھگت رہے ہیں۔
انہوں نے تنبیہ کی کہ دوسروں کے کندھوں پر سوار ہو کر کوئی ملک بڑی طاقت نہیں بن سکتا، اور اگر موجودہ حالات پر قابو نہ پایا گیا تو بھارت کو عالمی سطح پر مزید تنہائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔