اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کے تین روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچ گئے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا ،ایرانی صدر کو وزر اعظم ہائوس میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، وزیر اعظم کابینہ ارکان کا تعارف کرایا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایرانی صدر کا پرتپاک استقبال کیا گیا،ان کا استقبال وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ اور ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے کیا۔ ایرانی صدر کے ہمراہ ان کی اہلیہ کے علاوہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچا ہے اس موقعے پربچوں نےروایتی اندازمیں ایرانی صدرکوپھول پیش کئے، وفد میں ایرانی وزیر خارجہ، کابینہ کے دیگر ارکان، اعلیٰ حکام اور تاجر بھی شامل ہیں۔
بعد ازاں ایرانی صدر وزیر اعظم ہائوس پہنچے، وزیر اعظم شہباز شریف نے ابراہم رئیسی کا استقبال کیا، انہیں وزر اعظم ہائوس میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔وزیر اعظم نے ایرانی صدر سے کابینہ اراکین کا تعارف کروایا، صدر نے ارتھ ڈے کی مناسبت سے پودا لگایا۔
ایرانی صدر ابراہیم ریئسی نے وزیرخارجہ اسحق ڈار سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں پاک ایران تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنمائوں نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچنے کے بعد ان کی ملاقاتوں کا شیڈول سامنے آگیا ہے۔ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان 2017 کے بعد کسی بھی ایرانی سربراہ مملکت کا یہ پہلا دورہ ہے۔
اپنے دورے کے دوران ایرانی صدر،صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم محمد شہباز شریف ،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کا دور بھی ہو گا اور مفاہمت نامے پر دستخط بھی کیے جائینگے ، جو دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ وزیراعظم ایرانی صدر اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔
دونوں ممالک کے فریقین کے پاس پاکستان ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت، رابطے، توانائی، زراعت اور عوام سے عوام کے رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کا وسیع ایجنڈا ہوگا۔ وہ علاقائی اور عالمی پیش رفت اور دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون پر بھی بات کریں گے۔
خیال رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی آج تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ ابراہیم رئیسی پاکستان کے دورہ کےدوران اسلام آباد سمیت لاہور اور کراچی بھی جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق کل منگل کے روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی لاہور کے لئے روانہ ہو جائیں گےجہاں وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ملاقات کریں گے، گورنر پنجاب بلیغ کی جانب سے بھی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائے گا، اس کے بعد وہ کراچی کے لئے روانہ ہو جائیں گے اور کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنر سندھ سے ملاقات بھی کریں گے۔
اسلام آباد پولیس کا ٹریفک پلان جاری :
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دوران اسلام آباد کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے گزشتہ روز ٹریفک پلان جاری کیا تھا ۔اسلام آباد پولیس نے جاری اعلامیہ میں کہا ہے کہ پیر کے روزوفاقی دارالحکومت میں اہم غیر ملکی وفود اور شخصیات کی آمدورفت متوقع ہے۔ جس کے باعث شہریوں کو اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے پر متبادل راستہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے گزارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس موقع پر متبادل راستے کا استعمال کریں اور پولیس کے اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں۔ علاوہ ازیں اضافی وقت رکھ کر دفاتر اور اسکولوں میں پہنچیں۔ اور کسی بھی ایمرجنسی صورتحال کی صورت میں فوراً پولیس سے رابطہ کریں۔