ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی اور طوفان کے ساتھ بارشیں ہونے کا امکان ہے، این ڈی ایم اے نے ایڈوائزری جاری کر دی۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 25جون سے یکم جولائی تک ممکنہ موسمی صورت حال کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے اور ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق 25 جون سے یکم جولائی تک ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے باعث لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد، باغ، راولاکوٹ اور مظفرآباد میں سیلاب کی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔
سندھ کے مختلف علاقوں کراچی، سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد، تھرپارکر، میرپور خاص، ٹھٹھہ اور بدین کے مختلف مقامات پر 25 تا 28 جون آندھی طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، ہزارہ، پشاور، صوابی اور سوات کے مختلف علاقوں میں 25 جون تا یکم جولائی تک آندھی طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں استور، اسکردو، گلگت، ہنزہ، شگر، دیامر، نگر، غذراور گھانچے کے علاقوں میں بھی 25 جون سے یکم جولائی تک آندھی طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے،ایڈوائزری کے مطابق تیز ہواؤں، آندھی اور طوفان کے دوران کمزور درخت، کچی دیواریں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔