ویب ڈیسک۔ بھارت میں خواتین سیاحوں کے لیے خطرات میں اضافہ تشویشناک رخ اختیار کر گیا ہے، جب کہ حال ہی میں امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے بھارت کے سفر کے حوالے سے خواتین کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کی گئیں۔ ان وارننگز کے صرف چند دن بعد راجستھان کے شہر اُدے پور میں ایک فرانسیسی خاتون سیاح کے ساتھ مبینہ زیادتی کی افسوسناک خبر سامنے آئی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے گزشتہ ہفتے خبردار کیا تھاکہ اگر آپ خاتون ہیں تو اکیلے بھارت کا سفر نہ کریں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا تھا کہ بھارت میں زیادتی تیزی سے بڑھتے ہوئے جرائم میں سے ایک ہے، اور سیاحتی مقامات سمیت دیگر جگہوں پر خواتین پر پرتشدد حملے ہو رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ دہشتگرد حملوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا۔
ایڈوائزری میں مزید بتایا گیا کہ دیہی علاقوں میں امریکی شہریوں کو ہنگامی خدمات کی فراہمی محدود ہے، خاص طور پر مشرقی مہاراشٹرا، شمالی تلنگانہ اور مغربی بنگال جیسے علاقوں میں، جہاں امریکی ملازمین کو جانے کے لیے خصوصی اجازت درکار ہے۔
اس انتباہ کے باوجود، اُدے پور میں فرانسیسی خاتون سیاح کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔ ایف آئی آر کے مطابق، متاثرہ خاتون 22 جون کو دہلی سے اُدے پور پہنچی تھیں اور امبا ماتا کے ایک ہوٹل میں قیام پذیر تھیں۔ پیر کی رات وہ ٹائیگر ہل کے قریب واقع دی گریک فارم کیفے اینڈ ریسٹرو میں ایک پارٹی میں شریک ہوئیں، جہاں ان کی ملاقات ملزم سے ہوئی۔ خاتون کی جانب سے انکار پر، ملزم نے مبینہ طور پر ان کے ساتھ زیادتی کی۔
یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ بھارت میں غیر ملکی خواتین کے خلاف جنسی جرائم کی ایک طویل اور شرمناک تاریخ ہے:
مارچ 2025 میں جنوبی بھارت کے ایک یونیسکو عالمی ورثہ مقام کے قریب ایک اسرائیلی خاتون اور اس کے مقامی دوست کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی۔
مارچ 2024 میں جھارکھنڈ کے دمکا علاقے میں ایک ہسپانوی-برازیلی خاتون سیاح کو اس کے شوہر کے ساتھ کیمپنگ کے دوران 7 افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
2023 میں دہلی کے ایک ہوٹل میں ایک خاتون کے ساتھ زیادتی ہوئی۔
2022 میں گوا میں ایک برطانوی سیاح کو اس کے ساتھی کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو کے مطابق، 2021 میں خواتین کے خلاف 428,278 جرائم درج ہوئے، یعنی ہر گھنٹے میں تقریباً 49 واقعات۔ ماہرین کے مطابق، زیادہ تر زیادتی کے کیسز رپورٹ ہی نہیں ہوتے، جس کی وجوہات میں خوف، بدنامی، اور پولیس پر عدم اعتماد شامل ہیں۔