پاکستان نے ایران اور اسرائیل کے د رمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے ۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ تہران کے جوہری پروگرام کے تنازع کو سفارتکاری سے حل کرنا چاہتے ہیں، اس حوالے سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
ایران کے جوہری پروگرام پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب میں عاصم افتخار نے بین الاقوامی جوہری توانائی کمیشن کو اس کی اصل روح میں فعال کرنا کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے واضح کیا پاکستان نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر واضح پوزیشن لی، پاکستانی قیادت نے کشیدگی کے خاتمے کے لیے کئی ممالک سے رابطے کیے۔
پاکستانی مندوب نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایران-اسرائیل جنگ بندی متاثر نہیں ہونی چاہئے جب کہ تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری کا راستہ اختیار کیا جائے کیوں کہ مذاکرات اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کے واحد راستے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے مذاکرات کو اسرائیل کے حملوں نے متاثر کیا، ایران کے جوہری پروگرام کے تنازع کو سفارتکاری سے حل کرنا چاہتے ہیں، اس حوالے سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
دوسری جانب سعودی عرب نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کے نتیجے میں ایران اور اسرائیل میں جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی کی کوششوں کو سراہا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی جانب سے ایکس پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا گیا کہ ’سعودی وزارت خارجہ اس اعلان کا خیر مقدم کرتی ہے جو امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کیا گیا، جس میں علاقائی کشیدگی میں ملوث دونوں فریقوں کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا اعلان کیا گیا۔ مملکت ان کوششوں کو سراہتی ہے جو کشیدگی کو کم کرنے کے لیے کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان 13 جون سے جاری جنگ کے خاتمے اور جنگ بندی کا اعلان پیر اور منگل کی درمیانی شب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا۔