جنوبی وزیرستان میں بھارتی اسپانسرڈ فتنۃ الخوارج سے جھڑپ میں شہید ہونے والے میجر معیز عباس کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر سید معیز عباس شاہ کی نمازجنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی اداکردی گئی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیرداخلہ محسن نقوی اور اعلیٰ فوجی حکام نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے کہا کہ میجر سید معیز عباس بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، انہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان قربان کی اور بہادری قربانی اورحب الوطنی کی بلندروایات قائم کیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہید کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور دفاع وطن کے لیے ان کی قربانی کوسلام پیش کرتی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ ہم شہدا کے احسان کا بدلہ نہیں چکا سکتے، شہدا کا خون قومی قوت کی بنیاد ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر معیز جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں خارجیوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، ان کا جسد خاکی پورے فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کے لیے آبائی علاقے روانہ کردیا گیا۔