بھارت کے ہوا بازی کے نگران ادارے نے کہا ہے کہ بھارتی ائیر لائنز کے طیاروں میں بار بار نقائص ظاہر ہونے لگے۔
بھارت کے ہوا بازی کے نگران ادارے کے مطابق ممبئی اور دہلی ایئرپورٹس پر طیاروں میں نقائص کے بار بار ظاہر ہونے کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں، جو یہ ظاہر کرتے ہیں کہ طیاروں کی مناسب جانچ پڑتال نہیں کی جا رہی۔
رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ انکشافات ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری خصوصی آڈٹ کا حصہ ہیں، جس کا مقصد اس مہینے کے آغاز میں ہونے والے ایئر انڈیا کے خوفناک حادثے کے بعد فضائی تحفظ کو مضبوط بنانا ہے، ایئرانڈیا کے طیارے کے حادثے میں 271 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
نگران ادارے نے ان ایئرلائنز کا نام نہیں لیا جن کے طیاروں میں یہ نقائص پائے گئے، نہ ہی ان نقائص کی نوعیت کی تفصیلات دی گئیں۔ دنیا کی تیسری بڑی ہوا بازی کی مارکیٹ کے یہ دونوں ہوائی اڈے بڑی بھارتی ایئرلائنز جیسے کہ انڈیگو، ایئر انڈیا، اور ایئر انڈیا ایکسپریس کے ساتھ ساتھ کئی بین الاقوامی ایئرلائنز کو بھی سروس فراہم کرتے ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈی جی سی اے کا کہنا ہے کہ نقائص کا بار بار ظاہر ہونا غیر مؤثر نگرانی اور درستگی کے ناکافی اقدامات کی نشاندہی کرتا ہے۔