پاکستان خودمختار ڈیفالٹ رسک میں بہتری لانے والا دنیا کا سرفہرست ملک بن گیا

پاکستان خودمختار ڈیفالٹ رسک میں بہتری لانے والا دنیا کا سرفہرست ملک بن گیا

پاکستان نے عالمی سطح پر معاشی بہتری کی دوڑ میں ایک نمایاں سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔

بین الاقوامی مالیاتی ادارے بلوم برگ انٹیلی جنس کے تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے خودمختار ڈیفالٹ رسک میں سب سے زیادہ بہتری دکھاتے ہوئے ابھرتی ہوئی عالمی معیشتوں کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کے امکانات میں نمایاں کمی آئی ہے، جہاں یہ شرح 59 فیصد سے کم ہو کر 47 فیصد تک آ گئی ہے۔ یہ مجموعی طور پر 1,100 بیسس پوائنٹس یعنی 11 فیصد کی تاریخی کمی ہے، جو دنیا بھر کی کسی بھی ابھرتی معیشت کے مقابلے میں سب سے بڑی بہتری ہے۔

بلوم برگ کے مطابق پاکستان کی اس غیر معمولی کارکردگی کے پیچھے کئی اہم عوامل کارفرما ہیں۔ ان میں سب سے نمایاں معاشی استحکام کی پالیسی، ساختی اصلاحات، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ کامیاب مذاکرات اور قرضوں کی بروقت ادائیگی شامل ہیں۔

عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں جیسے کہ ایس اینڈ پی اور فچ نے بھی پاکستان کے کریڈٹ آؤٹ لک کو بہتر قرار دیا ہے، جس سے عالمی سرمایہ کاروں میں اعتماد بحال ہوا ہے۔

اس رپورٹ کو ماہرین پاکستان کے لیے ایک مثبت اشارہ قرار دے رہے ہیں، جو ظاہر کرتا ہے کہ ملک نہ صرف معاشی دباؤ سے نکل رہا ہے بلکہ عالمی مالیاتی نظام میں اپنی ساکھ بحال کرنے میں بھی کامیاب ہو رہا ہے۔ یہ پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اقتصادی استحکام، اصلاحات اور عالمی اعتماد کی بحالی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *