معروف مذہبی اسکالر ناصر مدنی نے اداکارہ مومنہ اقبال سے متعلق اپنے متنازع بیان پر معذرت کر لی ہے، جس کے بعد دونوں کے درمیان جاری تنازع میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا تھا جب اداکارہ مومنہ اقبال اور مسلم لیگ ن کے رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ سے متعلق خبروں کے بعد ناصر مدنی نے ایک خطاب کے دوران مومنہ اقبال پر سخت تنقید کی تھی۔ انہوں نے اداکارہ کے بارے میں سنگین الزامات عائد کیے اور معاملے کا ذمہ دار بھی انہیں قرار دیا تھا۔
ناصر مدنی کے بیان پر مومنہ اقبال نے شدید ردعمل دیتے ہوئے قانونی کارروائی کا اعلان کیا۔ بعد ازاں 17 جون کو اداکارہ نے اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے ناصر مدنی کو 17 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا۔
اداکارہ کے وکیل ایڈووکیٹ عدنان احسان خان کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ناصر مدنی اپنے مبینہ ہتک آمیز بیانات پر وضاحت پیش کریں، عوامی سطح پر معافی مانگیں اور متعلقہ مواد تمام پلیٹ فارمز سے ہٹا دیں۔
قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ناصر مدنی کے بیانات سے مومنہ اقبال کی ساکھ، عزت اور پیشہ ورانہ زندگی متاثر ہوئی، جس کے باعث یہ معاملہ ہتک عزت کے زمرے میں آتا ہے۔
تازہ پیش رفت میں ناصر مدنی نے اپنے متنازع بیان پر معذرت کرتے ہوئے مومنہ اقبال سے معافی مانگ لی، جس کے بعد یہ معاملہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگیا۔