اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت میں وزارتیں لینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جولائی میں وہ باضابطہ طور پر مرکزی حکومت کا حصہ بن جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ بااثر حلقوں نے پیپلز پارٹی کو قائل کر لیا ہے اور انہیں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ حکومت کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں، نظام کو چلانا اور ملک کی بہتری و کامیابی کے لیے استحکام ضروری ہے، اور یہی راستہ اختیار کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق حکومتی حلقوں نے یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ موجودہ حکومت کو ہی چلایا جائے گا اور اسی مقصد کے تحت پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کو ایک صفحے پر لایا جا چکا ہے۔
مزید سیاسی قوتوں کو بھی اس صفحے پر لانے کی کوششیں جاری ہیں،وزارتوں کی تقسیم سے متعلق معاملات جولائی میں طے کیے جائیں گے، جس کے بعد پیپلز پارٹی وفاقی حکومت میں باضابطہ شامل ہو جائے گی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئندہ مرحلے میں پیپلز پارٹی پنجاب حکومت کا بھی حصہ بنے گی اور اس حوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان پس پردہ رابطے شروع ہو چکے ہیں۔
یعنی پیپلز پارٹی وفاق اور ممکنہ طور پر پنجاب حکومت دونوں میں شامل ہو کر عملی طور پر حکومت کا حصہ بننے جا رہی ہے، جس کا مقصد سیاسی استحکام کو فروغ دینا اور سسٹم کو چلانا قرار دیا جا رہا ہے۔