اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل عبدالرحمن موسوی نے حالیہ اسرائیل ایران 12 روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی حمایت پر پاکستانی حکومت، فوج اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی فوج کے سربراہ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کی اخلاقی، سفارتی اور عوامی حمایت نے ایران کے حوصلے بلند کیے ۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات صرف ہمسائیگی تک محدود نہیں بلکہ دونوں اقوام ایک گہرے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتے میں بندھی ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ 13 جون کو اسرائیل نے ایران کے مختلف شہروں پر اچانک فضائی حملے کیے تھے، جن میں ایرانی فوج اور پاسدارانِ انقلاب کے کئی اعلیٰ افسران سمیت سینئر ایٹمی سائنسدان بھی شہید ہوئے۔
ان حملوں کا مقصد ایران کے ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچانا اور ایرانی دفاعی صلاحیت کو کمزور کرنا تھا۔اس کے بعد امریکہ نے بھی اسرائیلی کارروائیوں کی حمایت میں ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملے کیے، جن میں فردو، اصفہان اور نطنز میں واقع حساس مراکز شامل تھے۔
ان حملوں سے ایران کے ایٹمی پروگرام کو وقتی نقصان تو پہنچا، لیکن ایرانی حکومت نے اس کو جارحیت کا کھلا اعلان قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا۔
ایران نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر کئی دنوں تک میزائل اور ڈرون حملے کیے۔ ان حملوں میں اسرائیل کے اہم فوجی اور سکیورٹی مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جن میں تل ابیب کے قریب واقع فوجی اڈے اور نیوکلیئر ریسرچ سینٹرز شامل تھے۔