اسلام آباد۔ ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی کے بڑھنے کی رفتار میں کمی کا رجحان برقرار ہے۔ ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح منفی 1.52 فیصد ریکارڈ کی گئی، جب کہ ہفتہ وار بنیاد پر بھی مہنگائی میں 0.18 فیصد کمی دیکھی گئی۔
ادارہ شماریات نے بتایا ہے کہ آٹے کی قیمت میں کمی واقع ہوئی ہے، جب کہ چینی، چاول سمیت 14 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 12 اشیاء سستی ہوئیں اور 25 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ایک ہفتے کے دوران بجلی کی قیمت میں 6.88 فیصد، گڑ 1 فیصد، چینی 0.88 فیصد، ایل پی جی 1.24 فیصد، ٹماٹر 0.99 فیصد اور باسمتی ٹوٹا چاول 0.69 فیصد مہنگے ہوئے۔ اسی طرح خشک پاؤڈر دودھ کی قیمت میں 0.03 فیصد، کھلا تازہ دودھ 0.38 فیصد، دہی 0.36 فیصد، جلانے والی لکڑی 0.11 فیصد اور لہسن کی قیمت میں 5.15 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔