وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جنگ میں ہزیمت کے بعد مودی کی سیاست کے دن گنے جا چکے ہیں، جھوٹے بیانیے سے عزت بچانا چاہ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھارت کو اپنی بات منوانے کا موقع نہیں ملا، پاکستان کا موقف درست تھا جسے تسلیم کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ثالثی عدالت سے فیصلہ آنے کے بعد یہ واضح ہے کہ پاکستان یا بھارت کوئی بھی ایسا فیصلہ نہیں کرسکتا جس سے سندھ طاس معاہدے کی بنیاد پر اثر پڑے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ توقع تھی کہ بھارت ہٹ دھرمی پر اتر ائے گا۔
علاوہ ازیں گزشتہ روز پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دُنیا کو بھارت کے خطرناک عزائم سے ایک بار پھر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں بقائے باہمی کے اصول پر قائم، بھارت سندھ طاس معاہدے کو پاکستان کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتا ہے لیکن اس کی خلاف ورزی اعلان جنگ تصور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف آبی جارحیت اور پانی کو بطورہتھیار استعمال کرنا چاہتا ہے لیکن دُنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پانی ہماری لائف لائن ہے، بھارت کے اس اقدام کو اعلان جنگ تصورکیا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان اپنی جغرافیائی سالمیت کے حوالے سے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے بھی تیارہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے علاوہ خطے میں حتمی قیام امن تبھی ممکن ہوسکے گا جب مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے گا۔