اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسیر رہنماؤں نے پارٹی قیادت کو حکومت سے مذاکرات کی تجویز دی ہے، تاہم انہوں نے مذاکرات کو بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات سے مشروط کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماؤں نے پارٹی قیادت کے نام ایک کھلا خط تحریر کیا ہے، جس میں انہوں نے ملک کو درپیش سنگین بحران سے نکالنے کے لیے حکومت سے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ مذاکرات صرف سیاسی سطح پر ہی نہیں بلکہ مقتدر حلقوں کے ساتھ بھی ضروری ہیں۔
یہ خط پارٹی کے سینئر نائب صدر شاہ محمود قریشی، سابق وزرا میاں محمود الرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کی جانب سے لکھا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس وقت اپنی تاریخ کے بدترین بحران سے گزر رہا ہے، اور اس صورت حال سے نکلنے کا واحد راستہ جامع مذاکرات ہیں۔ اس سلسلے میں تجویز دی گئی ہے کہ سیاسی سطح پر فوری مذاکرات شروع کیے جائیں اور لاہور کی جیلوں میں موجود پی ٹی آئی کے اسیر رہنماؤں کو بھی ان میں شامل کیا جائے۔
رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ مذاکراتی عمل کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے، اور اس کے لیے ضروری ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان تک رسائی ممکن بنائی جائے تاکہ پارٹی قیادت مکمل مشاورت کے بعد لائحہ عمل طے کر سکے۔ مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان سے ملاقات کا سلسلہ وقتاً فوقتاً جاری رکھا جانا چاہیے تاکہ مذاکراتی عمل مربوط انداز میں آگے بڑھ سکے۔