وزیرِاعظم شہباز شریف نے مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے سعودی عرب کے اہم کردار اور پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ سیز فائر میں مفاہمتی کردار ادا کرنے پر سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے نواف بن سعید المالکی کی ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے 24 جون کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ہونے والی اپنی گرم جوش اور خوشگوار ٹیلیفونک گفتگو کو یاد کرتے ہوئے علاقائی استحکام پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیرِاعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور سعودی عرب کی پاکستان کے لیے مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ چونکہ پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی جولائی کی صدارت سنبھال لی ہے، لہٰذا وہ سعودی عرب کی حمایت پر انحصار کرے گا تاکہ اس مدت کو مؤثر اور کامیاب بنایا جا سکے۔
سفیر نواف بن سعید المالکی نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور اسٹریٹجک شراکت داری پر زور دیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نے اسلام آباد میں ایک غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کامیابی اور ترقی کے ساتھی ہیں۔ دونوں ممالک کے کئی دہائیوں پر محیط تعلقات کی دنیا میں مثال نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب امن اور خوشحالی میں شراکت دار ہیں۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان سے تعلقات میں انتہائی مخلص ہیں۔