پاکستان نے سفارتی تاریخ میں ایک اوراہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے جب اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالی تو بھارت کے اندر مودی سرکار کے خلاف ردِعمل میں مزید تیزی آ گئی ہے ۔
بھارت میں مودی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپوزیشن رہنما سوالات اٹھا رہے ہیں کہ سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنا بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی امن، استحکام اور انسدادِ دہشتگردی کے لیے کی جانے والی کوششوں کا اعتراف ہے۔
یہ پیشرفت نہ صرف پاکستان کی سفارتی کامیابی کا مظہر ہے بلکہ بھارت کی پاکستان مخالف پراپیگنڈا مہم کو بھی شدید دھچکا قراردی جا رہی ہے۔ چند ہفتے قبل پاکستان کو اقوامِ متحدہ کی ’کاؤنٹر ٹیررازم کمیٹی‘ کا نائب چیئرمین منتخب کیا گیا تھا، جس کے بعد اب سلامتی کونسل کی سربراہی پاکستان کے سپرد ہونا عالمی سطح پراس کی بڑھتی ہوئی ساکھ کی واضح دلیل ہے۔
بھارتی حکومت پر شدید داخلی دباؤ
پاکستان کی اس نمایاں کامیابی نے بھارت کے اندرونی سیاسی منظرنامے کو ہلا کر رکھ دیا ہے، بھارتی حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس نے وزیرِاعظم نریندر مودی کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
کانگریس کے سینیئر ترین رہنما پون کھیرا نے کہا کہ ’مودی حکومت پلوامہ جیسے حساس واقعے کے باوجود پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ یہ نہ صرف ایک سفارتی ناکامی ہے بلکہ فوج اورعوام کی قربانیوں سے بھی بے وفائی ہے‘ مودی سرکار نے فوج کی قربانیوں کو نظر انداز اور عوام کو دھوکا دیا ہے۔
ادھر کانگریس رہنما رینیکا چودھری نے بھی شدید ردعمل دیتے ہوئے مودی حکومت سے کئی سخت سوالات کیے ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا کہ’میرا مودی سے سوال ہے کہ کیا ہماری خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے؟ پہلگام حملے میں ملوث دہشت گرد آج تک آزاد کیوں ہیں؟۔
انہوں نے مزید کہا کہ 151 دورے، 72 ممالک اور بے شمار سفارتی ملاقاتوں کے باوجود بھارت کو کوئی ٹھوس کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ آپریشن سندور جیسی مہم کو عالمی سطح پر انسداد دہشتگردی کے طور پر تسلیم کروانے کی کوشش بری طرح ناکام ہوئی ہے۔
عالمی سطح پر پاکستان کی مقبولیت میں اضافہ
عالمی فورمز پر پاکستان کی سفارتی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ دنیا اب دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے مؤقف اوراقدامات کوسنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔ سلامتی کونسل کی صدارت اورانسدادِ دہشتگردی کمیٹی میں نائب چیئرمین کا عہدہ حاصل کرنا ایک بڑی پیشرفت ہے، جو بھارت کے منفی پروپیگنڈے کے برعکس عالمی برادری کے اعتماد کا اظہار ہے۔
سفارتی محاذ پر پاکستان کا ابھرتا ہوا کردار
پاکستان کی حالیہ کامیابیوں نے نہ صرف بھارت کے سفارتی بیانیے کو بے نقاب کیا ہے بلکہ جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن بھی نئی سمت میں موڑ دیا ہے۔ عالمی سطح پر پاکستان کا بڑھتا ہوا کردار اور مثبت ساکھ نہ صرف قومی وقار کا باعث بن رہی ہے بلکہ خطے میں امن کے فروغ کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔