وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے دین اسلام کی سربلندی کے لیے عظیم قربانی پیش کی، اور آج فلسطین کے علاقے غزہ میں بھی اسی طرح کی قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے، لیکن افسوس کہ مسلم دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کربلا ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ دین کی خاطر رسول اللہؐ کے خاندان نے سب کچھ قربان کر دیا اور اس وقت کے حالات میں آلِ رسولؐ کو تنہا چھوڑ دیا گیا تھا۔ آج بھی اسی طرز پر، غزہ میں ہزاروں معصوم جانیں ناحق شہید ہو چکی ہیں، لیکن اسلامی دنیا کی طرف سے کوئی مؤثر ردعمل سامنے نہیں آیا۔
وزیر دفاع نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ یوم عاشور پر مقبوضہ کشمیر میں پابندیاں لگانا بھارت کی اسلام دشمنی کا واضح ثبوت ہے،آج 70 ہزار سے زائد فلسطینی جن میں بچے اور بزرگ شامل ہیں، شہید ہو چکے ہیں لیکن 58 مسلم ممالک میں سے کسی میں بھی سنجیدہ سطح پر احتجاج نہیں ہوا۔
یہ خبر بھی پڑھیں :روایتی جنگ کے بعد آبی جنگ میں بھی بھارت کو ہی شکست ہوگی، خواجہ آصف