برکس ممالک کا ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت، غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

برکس ممالک کا ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت، غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

عالمی امور پر بڑھتی ہوئی ہم آہنگی اور مؤثر مؤقف کے تحت، ’برکس‘ ممالک نے ایران پر حالیہ امریکی و اسرائیلی فضائی حملوں کو بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی اور علاقائی استحکام کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نو منتخب امریکی صدر ٹرمپ نے ڈالر کی متبادل کرنسی لانیوالے برکس ممالک کو خبردار کردیا

یہ مذمتی بیان برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ہونے والے 17ویں برکس سربراہی اجلاس کے اختتام پر جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے کا حصہ تھا۔

اجلاس میں برکس کے تمام رکن ممالک ’برازیل، روس، بھارت، چین، جنوبی افریقہ، مصر، ایتھوپیا، ایران، متحدہ عرب امارات اور انڈونیشیا نے شرکت کی، جنہوں نے مشرقِ وسطیٰ کے حالات، عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات اور تجارتی ناانصافی جیسے اہم عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس کے اہم نکات میں سے ایک غزہ میں جاری انسانی بحران اور تشدد پر برکس ممالک کی گہری تشویش کا اظہار اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ تھا۔

مشترکہ اعلامیے میں غزہ کو ریاستِ فلسطین کا ناقابلِ تقسیم حصہ تسلیم کیا گیا اور بین الاقوامی قوانین و اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں 2 ریاستی حل کی مکمل حمایت کی گئی۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم سے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر روس کے وزیراعظم کی دو طرفہ ملاقات

ایران پر امریکی و اسرائیلی فضائی حملوں کے تناظر میں ’برکس‘ نے سخت الفاظ میں ان کارروائیوں کی مذمت کی اور انہیں خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک قرار دیا۔

معاشی محاذ پر، برکس رہنماؤں نے امریکا کی جانب سے یکطرفہ تجارتی محصولات کے نفاذ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات عالمی تجارتی نظام اور کثیرالطرفہ اصولوں کے منافی ہیں۔

انہوں نے عالمی مالیاتی اداروں، خصوصاً انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف)، میں فوری اور جامع اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔ برکس ممالک کا کہنا تھا کہ موجودہ کوٹہ اور ووٹنگ کا نظام جدید عالمی معیشت کی حقیقتوں کی ترجمانی نہیں کرتا۔

یہ اجلاس برکس کے بڑھتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی اثرورسوخ اور مغرب کے زیرِ قیادت عالمی نظام کو چیلنج کرنے کے اس کے عزم کا مظہر ثابت ہوا، جو ایک کثیر قطبی اور منصفانہ عالمی نظام کی جانب پیش رفت کی علامت ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *