بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی جانب سے ’آپریشن سندور‘ کو ایک ’عظیم کامیابی‘ قرار دینا اور ملک کے دفاعی شعبے کو دنیا کی توجہ کے مرکز کے طور پر ثابت کرنا درحقیقت ایک بے بنیاد اور کھوکھلے بیانیے کی تشہیر ہے، جس کا مقصد حالیہ فوجی ناکامیوں پر پردہ ڈالنا ہے۔
پاکستان کے خلاف نام نہاد آپریشن سندور میں بری طرح ناکامی کے بعد ملک کے اندر عوامی ردِ عمل سے بچنے کے لیے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنی دفاعی صلاحیتوں سے متعلق نئی تشہیری مہم شروع کر دی ہے، راج ناتھ نے دعویٰ کیا کہ ’ہمارے سپاہیوں کی بہادری اور مقامی دفاعی ساز و سامان کی کارکردگی ‘ نے عالمی سطح پر بھارت کی دفاعی مصنوعات اور ہتھیاروں کی مانگ میں اضافہ کیا ہے۔
آزاد ریسرچ کے مطابق دفاعی تجزیہ کار اور عالمی مبصرین بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے اس بیانیے کو عوامی ردِعمل سے بچنےکی کوشش، غلط بیانی، خودفریبی اور حقیقت سے فرار قرار دے رہے ہیں۔
’آپریشن سندور‘، مہنگے ہتھیار، شرمناک نتائج
آزاد ریسرچ کے مطابق حقیقت یہ ہے کہ ’آپریشن سندور‘ کے دوران بھارتی فضائیہ کی کارکردگی نے بھارت کی عسکری صلاحیتوں کی قلعی کھول دی ہے۔ فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے جنہیں بھارت نے اپنے دفاعی نظام کے ’تاج‘ قرار دے رکھا تھا نہ صرف فیصلہ کن نتائج دینے میں ناکام رہے، بلکہ ایک چھوٹے اور کم وسائل رکھنے والے ملک پاکستان کے سامنے چند منٹ بھی نہ ٹھہر سکے۔
آزاد ریسرچ کے مطابق اس ناکامی نے بھارت کے نہ صرف ’مقامی دفاعی ساز و سامان ‘ بلکہ درآمد شدہ عسکری نظام کی ساکھ کو بھی ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔
بھارتی ہتھیاروں کی عالمی سطح پر مانگ یا پھر شرمندگی مٹانے کی کوشش؟
آزاد ریسرچ کے مطابق بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے یہ دعویٰ کہ دنیا بھارت کی دفاعی مصنوعات اور ہتھیاروں کی طرف متوجہ ہو رہی ہے، زمینی حقائق کے مکمل برعکس ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق، ’آپریشن سندور‘نے بھارتی فوج کی تربیت، کمانڈ اور مشن پلاننگ کی کمزوریاں بے نقاب کر دی ہیں۔ یہ سب کچھ ایسی صورتحال میں ہوا جب بھارت بین الاقوامی سطح پر اپنی دفاعی برآمدات کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا تھا۔
حقیقت سے نظریں چرا کر دُنیا کو دھوکا دینے کی کوشش
آزاد ریسرچ کے مطابق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع کا اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھا چڑھا کر بیان کرنا دراصل ایک سستی تشہیری چال ہے تاکہ عوام کی توجہ اصل ناکامیوں سے ہٹائی جا سکے۔ دفاعی تجزیہ کار کہہ رہے ہیں کہ کوئی بھی بروشر یا جھوٹی نمائش بھارت کی فوجی نااہلی کو چھپا نہیں سکتے۔
صرف نعرے نہیں، اصل دفاعی صلاحیت چاہیے
آزاد ریسرچ کے مطابق ’آپریشن سندور‘ بھارت کے عسکری ساز و سامان، فضائی طاقت اور دفاعی حکمت عملی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لے آیا ہے۔ صرف قومی میڈیا میں کامیابی کے دعوے اور بڑھکیں مارنے سے نہ تو میدان میں نتائج بدلے جا سکتے ہیں، نہ ہی عالمی خریداروں کو متاثر کیا جا سکتا ہے۔
آزاد ریسرچ کے مطابق اگر بھارت واقعی دنیا میں اپنی دفاعی شناخت بنانا چاہتا ہے، تو اسے جھوٹے اور کھوکھلے دعوؤں اور نعروں کے بجائے بنیادی صلاحیتوں، تربیت اور عملی کارکردگی پر توجہ دینا ہوگی۔