ویب ڈیسک۔ پاکستان کے خلاف شروع کیا گیا آپریشن سندور، بھارت کے لیے ایک سنگین فوجی ناکامی کی علامت بن گیا ہے۔جنگ کے دوران بھارتی فضائیہ کے چار پائلٹ ہلاک ہونے اور صرف ایل او سی پر 250 سے زائد بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
اے آر وائی کی رپورٹ کے مطابق، بھارتی فوج اپنے اہلکاروں کی ہلاکتیں تسلیم نہ کرنے کے باعث شدید اندرونی دباؤ کا شکار ہے۔ ابتدا میں بھارت نے جانی نقصان سے انکار کیا، لیکن دباؤ بڑھنے پر حقائق ماننے پر مجبور ہو گیا۔
اے آر وائی کے ذرائع کے مطابق پاکستان کے خلاف جنگ میں بھارت کو شدید جانی نقصان ہوا۔ صرف لائن آف کنٹرول پر 250 سے زائد فوجی مارے گئے، جن میں انڈین ایئر فورس یونٹ کے سات اہلکار بھی شامل تھے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جی ٹاپ (10 انفنٹری بریگیڈ) میں بھارت کے 5 فوجی اور ہیڈکوارٹر 93 انفنٹری بریگیڈ میں 9 فوجی ہلاک ہوئے۔ علاوہ ازیں، تین رافیل طیاروں کے پائلٹس سمیت مجموعی طور پر چار بھارتی پائلٹ مارے گئے۔
جدید ایس-400 دفاعی نظام کے پانچ آپریٹرز آدم پور ایئربیس پر ہلاک ہوئے، جب کہ ادھم پور ایئربیس پر ایئر ڈیفنس یونٹ کے 9 اہلکار، راجوڑی میں 2 اور اڑی میں 4 فوجی جان کی بازی ہار گئے۔
اڑی، پٹھان کوٹ اور اُدھم پور میں موجود 12 انفنٹری بریگیڈ کو بھی بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا، لیکن بھارتی حکومت اور فوج نے ہزیمت سے بچنے کے لیے ان ہلاکتوں کو چھپائے رکھا۔
ذرائع کے مطابق، جب بھارتی حکومت اور فوج پر دباؤ بڑھا تو ہلاک ہونے والے اہلکاروں کو اعزازات دینے کی فہرست تیار کی گئی۔ بڑی تعداد میں ہلاکتوں کے باعث اب 100 سے زائد فوجیوں کو ایوارڈز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔