ویب ڈیسک۔ دفاعی تجزیہ کار ڈاکٹر قادر بلوچ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارتی ڈپٹی آرمی چیف کو مہذب انداز میں سبق دیا ہے کہ ایک پروفیشنل آرمی اپنے آپریشنز کو پیشہ ورانہ طریقے سے انجام دیتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے جنگ خود لڑی ہے، اور فیلڈ مارشل کا یہ پیغام نہایت مؤثر اور اہم تھا کہ بھارتی فوج جنگ کے لیے تیار ہی نہیں تھی۔
ڈاکٹر قادر بلوچ کے مطابق، بھارت کی جانب سے چین اور ترکیہ کے ساتھ جنگ لڑنے کے الزامات پر فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ جنگ اور سیاسی بیان بازی میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ دنیا کا ہر ملک اسلحہ دوسرے ممالک سے خریدتا ہے، لیکن جنگ ہمیشہ خود لڑنا پڑتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوج کو پاکستان کی مسلح افواج، فضائیہ، سائبر وار یونٹس اور دیگر کی کوآرڈینیشن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو تسلیم کرنا چاہیے جنہوں نے مل کر بھارت کو شکست دی۔
ڈاکٹر قادر بلوچ نے کہا کہ دنیا کا اصول ہے کہ ہتھیار اور طیارے چاہے جتنے بھی جدید ہوں، اگر انہیں چلانے والے پیشہ ور اور تربیت یافتہ نہ ہوں تو جنگ نہیں جیتی جا سکتی۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے مثبت اور پروفیشنل انداز میں بھارتی فوج کو یہ سکھایا کہ شاید وہ اس جنگ کے لیے تیار ہی نہیں تھے۔