بھارت کی مودی سرکار کے ’میڈ اِن انڈیا‘ منصوبے کی حقیقت دنیا کے سامنے آ گئی ہے، جہاں چینی ماہرین کے بغیر بھارتی آئی ٹی اور الیکٹرانکس صنعت کا خود انحصار کا دعویٰ محض ایک نعرہ ثابت ہوا۔
عالمی تجزیاتی ادارے ’پریس ریڈر‘ کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 6 ماہ میں بھارت سے 100 سے زیادہ چینی انجینیئرز کے واپس اپنے وطن چلے جانے کے بعد ایپل کی بھارتی پروڈکشن لائن فاکسکون اور اس کی ذیلی کمپنی ’رائزنگ اسٹارز ہائی ٹیک‘ شدید مشکلات کا شکار ہو چکی ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چینی ماہرین کی واپسی کے بعد بھارت میں آئی فون کی پیداوار میں وسعت اور منافع کے خواب چکنا چور ہو گئے ہیں۔ فاکسکون کی بھارتی سبسڈری پیداواری اہداف حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آ رہی ہے۔
’پریس ریڈر‘ کے مطابق مودی سرکار کے دعوؤں کے برعکس، بھارتی اسمبلی لائنز چینی ماہرین کے بغیر خود کفالت کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ ویلیو ایڈیشن (خالص منافع) اب براہ راست چینی تکنیکی معاونت سے جُڑا ہوا ہے اور اس کے بغیر بھارتی الیکٹرانکس معیشت کی حقیقت کھل کر سامنے آ گئی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بھارت میں سالانہ 80 سے 90 ملین آئی فونز تیار کرنے کا جو ہدف مقرر کیا گیا تھا، وہ چینی ماہرین کے بغیر محض ایک تخمینہ ثابت ہو رہا ہے۔ چینی قیادت کے انخلا نے بھارت میں ایپل کی طویل المدتی سرمایہ کاری کو بھی غیر یقینی بنا دیا ہے۔
مودی سرکار نے اگرچہ امریکی، ویتنامی اور تائیوانی ماہرین کو متبادل کے طور پر لانے کی کوشش کی ہے، لیکن بھارت کے پاس مقامی تربیت یافتہ ورک فورس نہ ہونے کے باعث یہ کوششیں بھی خاطر خواہ نتائج نہ دے سکیں۔
پریس ریڈر کی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ مودی حکومت کے دعوؤں کے باوجود، تکنیکی تربیت اور انڈسٹریل خود مختاری کا خواب تاحال ادھورا ہے۔ فاکسکون میں چینی قیادت کے انخلا نے بھارت کے کمزور، کھوکھلے اور ناتجربہ کار ٹیکنالوجی ماڈل کی قلعی کھول دی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ’میڈ اِن انڈیا‘ کا نعرہ دراصل عالمی سرمایہ کاروں کو دھوکا دینے کی ایک کوشش تھی، جو اب چینی ماہرین کے انخلا کے بعد بری طرح بے نقاب ہو چکی ہے۔ بھارت کی 500 ارب ڈالر الیکٹرانکس معیشت کا خواب چینی مہارت کے بغیر زمین پر اترنے سے قاصر ہے۔
مودی حکومت کی جھوٹی خود انحصاری کی مہم، ناکام صنعتی پالیسیاں اور بیرونی ماہرین پر انحصار اب عالمی منڈی میں بھارت کو ناقابلِ بھروسہ شراکت دار کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔