پاکستان اور چین نے ریاستی میڈیا اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دے کر جعلی خبروں اور گمراہ کن معلومات کے خلاف مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے، جو دونوں ممالک کے دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق یہ فیصلہ بیجنگ میں پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ تشہیر کی ڈپٹی ہیڈ اور قومی ریڈیو و ٹیلی ویژن ایڈمنسٹریشن (این آر ٹی اے) کی وزیر اور پارٹی سیکریٹری کاؤ شومِن کے درمیان ملاقات کے دوران کیا گیا۔
Federal Minister for Information & Broadcasting Attaullah Tarar met China’s Minister for National Radio & Television, Ms. Cao Shou Min, in Beijing. They discussed media cooperation, fake news countermeasures, joint productions, trainin & cultural exchanges. Collaboration between… pic.twitter.com/6rHgqOwCx9
ملاقات میں دونوں ممالک نے جعلی خبروں کے خلاف مشترکہ بیانیہ تشکیل دینے، تکنیکی تربیت، ادارہ جاتی تعاون اور معلومات کے تبادلے پر زور دیا۔ اس ضمن میں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اور چائنا سینٹرل ٹیلی ویژن (سی سی ٹی وی) کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے مجوزہ معاہدے پر بھی بات چیت ہوئی۔
عطا تارڑ نے زور دیا کہ پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان، اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی ) جیسے ریاستی ادارے چین کی ترقی، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) اور چائنا، پاکستان اکنامک کاریڈور (سی ای پی سی) کے حوالے سے مثبت بیانیہ اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی پر چینی پروگرامز، دستاویزی فلمیں اور خبریں اردو میں نشر کی جا رہی ہیں تاکہ علمی اور ثقافتی پل قائم کیے جا سکیں۔
ملاقات میں سوشل میڈیا پر جعلی خبروں اور ڈیجیٹل پروپیگنڈہ کے بڑھتے ہوئے خطرے پر بھی بات ہوئی، جس پر دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ’ڈیجیٹل دہشتگردی ‘کے خلاف مزید مضبوط تعاون کی ضرورت ہے، جیسا کہ حالیہ دنوں میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے نشاندہی کی تھی۔
ملاقات میں ڈیجیٹل انفلوئنسرز کے تبادلوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ پاکستانی اور چینی نوجوانوں کے درمیان باہمی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ سوشل میڈیا کے اس دور میں ایسے تبادلے دو طرفہ تعلقات میں نئی روح پھونک سکتے ہیں۔
چینی وزیر کاؤ شومِن نے کہا کہ چین پاکستان کو ایک قابل اعتماد شراکت دار سمجھتا ہے اور میڈیا ادارے تجربات کے تبادلے کے ذریعے ایک دوسرے کے قریب آ سکتے ہیں۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، تعلیم، نوجوانوں کے روابط اور ثقافتی شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔ فروری 2025 میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے بھی ان شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
اختتام پر دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ میڈیا اور ثقافتی و عوامی روابط پاکستان اور چین کی دوستی میں نئی جہتیں متعارف کرا سکتے ہیں اور اس مقصد کے لیے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کوششیں مزید تیز کی جائیں گی۔