اسلام آباد: آزاد فیکٹ چیک نے فتنۃ الہندستان کی جانب سے بلوچستان کے علاقے ضلع سوراب میں سیکورٹی فورسز کے خلاف کاروائی کی جھوٹی خبر کو بے نقاب کر دیا ہے۔
فتنۃ الہندستان کے حامیوں کی جانب سے سوشل میڈیا بالخصوص ایکس پر دعویٰ کیا جارہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع سوراب میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے خلاف ایک بڑا آپریشن کیا گیا ہے، تاہم آزاد فیکٹ چیک کے مطابق ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
ذرائع کے مطابق نہ صرف یہ دعویٰ مکمل طور پر جھوٹا ہے بلکہ اس کا مقصد عوام میں خوف و ہراس پھیلانا ہے۔ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے کے لیے اس قسم کی جھوٹی اطلاعات کا سہارا لیا جا رہا ہے، جو کہ ایک منظم گمراہ کن مہم کا حصہ معلوم ہوتی ہے۔
دفاعی تجزیہ کاروں نے بھی اس جھوٹے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سوراب یا اس کے آس پاس کے علاقوں میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ مقامی انتظامیہ اور ذرائع ابلاغ نے بھی اس خبر کی تصدیق نہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فتنۃ الہندستان سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز کا استعمال کر کے پاکستان میں بدامنی کی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں، لیکن عوام کو ہوشیار رہنے اور مصدقہ اطلاعات پر ہی یقین کرنے کی ضرورت ہے۔