کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز چھ میں مردہ حالت میں پائی گئی اداکارہ حمیرا اصغر کی نماز جنازہ اور تدفین کے تمام اخراجات اپنے ذمے لینے کا اعلان کیا ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ میری بہن لاوارث نہیں تھی، اُس کی تدفین اور تمام اخراجات خود ادا کروں گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ سندھ کے دیگر شہریوں کی طرح حمیرا اصغر علی کے بھی بھائی ہیں، اور اگر لواحقین تجہیز و تکفین میں شرکت نہیں چاہتے تو وہ خود یہ ذمہ داری نبھانے کے لیے تیار ہیں۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ حمیرا اصغر کی نماز جنازہ گورنر ہاؤس میں ادا کی جائے گی، اس سلسلے میں امام کو ہدایت دی جا چکی ہے، جبکہ جنازے اور تدفین کے انتظامات کے لیے اپنی ٹیم کو بھی احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
گورنر نے زور دے کر کہا کہ ان تمام انتظامات کے اخراجات وہ اپنی جیب سے ادا کریں گے۔
یاد رہے کہ حمیرا اصغر کی اب سے دو روز قبل کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 6 کے فلیٹ سے لاش برآمد ہوئی تھی۔ اداکارہ کی لاش قریب 6 سے 8 ماہ پرانی ہے جبکہ اداکارہ کی موت کی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں محفوظ کرلی گئی ہے۔